وزیراعظم محمد شہباز شریف کا  ایم کیو ایم پاکستان  کی قیادت سے ملاقات کے لیے  دورہ

44

اسلام آباد۔13اپریل  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو   ایم کیو ایم پاکستان   کی قیادت سے ملاقات کے لیے بہادر آباد میں واقع ایم کیو ایم پاکستان کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایم کیو ایم قیادت نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بالعموم صوبہ سندھ اور بالخصوص کراچی کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کےلیے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کراچی سرکلر ریلوے اور K-4 جیسے اہم ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل پر زور دیا اور کراچی میں ایک نئی یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے تمام اتحادی جماعتوں کے عوامی فلاح و بہبود کے عزم کو سراہا۔ ملاقات میں ایم کیو ایم کے  کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان، سید امین الحق، ڈاکٹر فروغ نسیم اور کنور نوید جمیل کے علاوہ اراکینِ قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، مولانا اسعد محمود، احسن اقبال اور دیگر نے شرکت کی، ملاقات میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی شریک ہوئے۔