پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان، میاں چنوں، وہاڑی اور لودھراں میں ناقص خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری

36

ملتان ،21 اپریل (اے پی پی ):پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان، میاں چنوں، وہاڑی اور لودھراں میں ناقص خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں  جاری ہیں۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ریسٹورنٹس، لوکل سنیکس یونٹس، بیکریز اور سوڈا واٹر پلانٹس کی چیکنگ شروع کر دی  ہے اور مختلف کارروائیوں میں 42 لٹر سوڈا واٹر اور 5 کلو غیر معیاری اجزاء موقع پر تلف کردیئے گئے ہیں۔

اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ شیرشاہ میں معروف ریسٹورنٹ کو کھلے اجزاء، گلی سڑی سبزیوں کے استعمال پر 30 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا ہے ، شجان پور روڈ پر پاپڑ فیکٹری کو خوراک میں مردہ حشرات پائے جانے پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا ایکسپائرڈ فوڈ آئٹمز، گندا پانی جمع ہونے پر ریسٹورنٹ کو 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے ، میاں چنوں میں خوراک میں مکھیاں، رنگ کی ملاوٹ پر بیکری کو 20 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا ہے ۔

ڈی جی شعیب خان جدون نے کہا  ایکسپائرڈ پیزا سوسز، ناقص آئل کے استعمال پر ریسٹورنٹ کو 15 ہزار جرمانہ کردیا گیا ہے جبکہ  لودھراں اور وہاڑی میں 2 واٹر پلانٹس کو مصنوعی مٹھاس کی ملاوٹ کرنے پر 12، 12 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خوراک میں ملاوٹ کرنے والے عناصر سے آہنے ہاتھوں نمٹا جائے گا۔