ڈپٹی اسپیکر نے حقائق کی بنیاد پر رولنگ دی، پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس

29

اسلام آباد۔6اپریل  (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے حقائق کی بنیاد پر رولنگ دی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کے حکام اور سفارتکار ایماندار اور سلجھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملہ پر آئین شکنی ہوگئی، ہمیں آئین کا احترام ہے، تحریک عدم اعتماد پیش کرنا اپوزیشن  کا حق ہے، ڈپٹی سپیکر نے تحریک عدم اعتماد سے انکار نہیں کیا، انہوں نے حقائق کی بنیاد پر رولنگ دی، یہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ملک سے بھیجا گیا مراسلہ اصلی ہے، ابہام پیدا نہ کیا جائے، اپوزیشن پارلیمانی سلامتی کمیٹی میں سپیکر کی دعوت کے باوجود کیوں نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کے وعدے اور ضمیر فروشی کی کیا آئین اجازت دیتاہے ۔