حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ عوام کو قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے: ڈپٹی کمشنراٹک

8

 

اٹک،10مئی (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر اٹک محمد نعیم سندھو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ عوام کو قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اٹک نے پرائس مجسٹریٹس کو نرخ ناموں پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ زائد قیمت پر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے دوکانداروں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آفس میں پرائس مجسٹریٹس کو نرخ ناموں پر مکمل عمل درآمد کروانے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر اٹک محمد نعیم سندھو میں کی۔اسسٹنٹ کمشنرز،ڈی او آٸی پی ڈبلیو ایم رابعہ نسیم ،صدر کریانہ ایسوسی ایشن کے علاوہ پولٹری، فلور ملز اور فروٹ ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی  نے متعلقہ افسران کو گھی، آٹے، چینی، مرغ اوردیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ پرائس مجسٹریٹس کسی رعائت کے بغیر بلا امتیاز کاروائی کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہری علاقوں کے ساتھ دیہی علاقوں پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ڈپٹی کمشنر اٹک محمد نعیم سندھو  نے بعد ازاں ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز سے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس  کی صدارت کی جس میں انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہ دی جائے اور ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو شادیوں میں ون ڈش اور دس بجے تک شادی ہال بند کرنے کی پابندی  پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کہا کہ کسی کو اوور چارجنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور تمام اسٹیک ہولڈرز اشیاۓ ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے لیے اقدامات کریں تاکہ عوام کو سہولت حاصل ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دوکانوں اور ریڑھیوں پر نرخ نامے نمایاں آویزاں کیے جائیں۔ محمد نعیم سندھو نے کہا کہ پنجاب حکومت کا فوکس عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔