تیراہ،24 مئی (اے پی پی ):قبائلی ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے “باغ امن میلہ” کے نام سے سہ روزہ سپورٹس فیسٹیول شروع ہو گیا ہے ، افتتاحی تقریب میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا جبکہ بچوں نےقومی پرچم لہرایا، میلے میں بینڈ نےخوبصورت دھنوں پر مارچ کر کے خوب داد وصول کی، ملٹری پولیس کے بائیک رائیڈز نے بھی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
میلے کے دوران ہونے والی سرگرمیوں میں طلباء کی طرف سے ٹیبلوز پیش کئے گئے، ملٹری پولیس کے اہلکاروں کی طرف سے موٹر سائیکل چلانے کی مہارت کا مظاہرہ کیا گیا،میلے میں بینڈ ڈسپلے، خٹک ڈانس اور دیگر علاقائی رقص شامل تھے۔
تقریب میں آرمی سکول آف فزیکل ٹریننگ ایبٹ آباد کیجانب سے پاور گلائیڈنگ اور پیرا گلائیڈنگ کا مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، جسے شائقین نے خوب داد دی۔
باغ امن میلہ 25 مئی 2022 تک جاری رہے گا اور اس میں مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے،جن میں کرکٹ، والی بال، گھڑ سواری، ٹگ آف وار اور دیگر مقامی کھیل شامل ہیں۔











