سکھر،16مئی(اے پی پی): شہری اتحاد ضلع سکھر کے زیر اہتمام شہریوں کی کثیر تعداد نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان زندہ باد ریلی نکالی ،ریلی کی قیادت شہری اتحاد کے چیئرمین مولانا عبید اللہ بھٹو ابن آزاد سمیت سماجی رہنما فضل الرحمن بھٹو و دیگر کرر ہے تھے۔ اس موقع پر رہنماوں نے افواج پاکستان کے خلاف سیاسی جماعت کی جانب سے نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔
رہنماوں کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کر کے فو ج کو بدنام کر نی کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، افواج پاکستان سمیت دیگر سیکورٹی اداروں نے وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت اور ملک کی سلامتی و خوشحالی کیلئے بے شمار قیمتی جانیں پیش کی ہیں، اگر افواج پاکستان نہ ہوتی تو ہم لوگوں کو بیرونی طاقتیں کب کا غلام بنا لیتی۔











