لاہور ،23 مئی (اے پی پی): چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا ہے کہ مردم شماری کا مقصد نہ تو رجسٹریشن اور نہ ہی تصدیق ہے ، یہ منصوبہ بندی کی بنیاد ہے ۔
وہ پیر کو یہاں پاکستان میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری جبکہ ساتویں خانہ مردم شماری 2022ء کی آگاہی اور اہمیت کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے ۔ چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر نے شرکاء کو ورکشاپ کے مقاصد بتائے اور مردم شماری و آبادی کے اعداد و شمار کی فیصلہ سازی میں اہمیت پر روشنی ڈالی اور پاکستان میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے آغاز کے سلسلے میں پاکستان ادارہ شماریات کے کام اور کاوشوں کو سراہا ۔ انہوں نے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کو پاکستان ادارہ شماریات کے ساتھ خصوصی تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔
آخر میں چیف شماریات نے 2022کے دوران پاکستان میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کی منصوبہ بندی اور اس عملدرآمد کے حوالے سے ادارہ شماریات کی طرف سے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور انہوں نے اس ادارے کی مردم شماری ٹیم کی شب و روز محنت کو بھی سراہا ۔











