ملتان،23 مئی (اے پی پی):نئے تعینات کمشنر انجینئر عامر خٹک نے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔کمشنر عامر خٹک کو عہدہ سنبھالنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
کمشنر عامر خٹک کے ہمراہ ملتان ڈویژن میں نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنرز، ڈپٹی کمشنر ملتان محمد طاہر ، ڈپٹی کمشنر وہاڑی محمد رفیق احسن،ڈپٹی کمشنر خانیوال شاہد فرید اور ڈپٹی کمشنر لودھراں آغا ظہیر عباس شیزاری کو بھی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔کمشنر آفس پہنچے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔
کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ملتان ڈویژن کی ترقی کا ٹاسک سونپا ہے ، اولیاء کرام کی دھرتی میں تعیناتی اعزاز کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ڈویژن کے باسیوں کی خدمت کرنے کا عزم لیکر عہدہ سنبھالا ہے، آفس کے دروازے جائز کاموں کیلئے ہر خاص و عام کیلئے کھلے ہیں اور اوپن ڈور پالیسی کے تحت میرٹ پر شہریوں کے مسائل حل کرنا ترجیح ہے۔
کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ کرپشن اور سرخ فیتہ کلچر کے عادی افسر و اہلکار احتساب کیلئے تیار رہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن میں مثالی صفائی،بیوٹیفکیشن پر کام کیا جائے گا اور انفراسٹرکچر کی بحالی ،صحت و تعلیم پر خصوصی فوکس ہوگا۔
کمشنر عامر خٹک نے سیٹ سنبھالتے ہی سائلین سے ملاقات کی اور انکے مسائل سنے۔











