ملتان، 23مئی(اے پی پی ): گرد،گرما،گدا اور گورستان کے نام سے عالمگیر شناخت رکھنے والا شہر ملتان گرد آلود ہواؤں کی زد میں ہے۔ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے اڑتی ہوئی دھول مٹی کے تدارک کے لئے سڑکوں کی صفائی دھلائی شروع کردی ہے۔آج چونگی نمبر9 سے پل موج دریا تک کچہری فلائی اوور،اولڈ بہاولپور روڈ اور ابدالی روڈ کی پانی سے دھلائی کی گئی۔اسی طرح چوک فوارہ، چوک کمہارانوالہ اور ڈیرہ اڈا کے ایریا میں بھی سڑکوں کے ڈیوائڈرز کی سکریپنگ کی گئی اور اڑتی ہوئی دھول مٹی روکنے کے لئے مصروف شاہراہوں اور چوکوں پر چھڑکاؤ کیا گیا۔
کمپنی کے سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے شہر کا دورہ کیا اور واشنگ سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ سڑکوں پر اڑتی دھول مٹی سے موٹرسائیکل و سائیکل سوار اور پیدل چلنے والے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی ورکرز کی کوشش ہے کہ شہریوں کو دھول مٹی سے پاک ماحول فراہم کیا جائے اسی لئے سڑکوں کی واشنگ اور پانی کے چھڑکاؤ کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔
محمد فاروق ڈوگر نے بتایا کہ کمپنی کے تمام ڈپٹی منیجرز آپریشنز کو معمول کی صفائی کے علاوہ روزانہ سپیشل ایکٹیوٹی کا ٹاسک بھی دے دیا گیا ہے اور چاروں ڈپٹی منیجرز خصوصی سرگرمیوں بارے روزانہ رپورٹ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے لئے غیر معمولی کام کرنے کی ضرورت ہے۔











