ملتان ؛ ڈویژن بھر میں 10کلو آٹے کا تھیلا 160 روپے سستا کرکے 490   روپے کردیا گیا

4

ملتان، 20 مئی (اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز کی جانب سے عوام کو براہ راست ریلیف دینے کا اہم اقدام اٹھایا گیا ہے اس سلسلے میں ملتان سمیت ڈویژن بھر میں 10کلو آٹے کا تھیلا 160 روپے سستا کرکے 490   روپے کردیا گیا ہے،ڈویژن بھر میں سستے آٹے کی فراہمی کا فوری آغاز کردیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب   سے سستے آٹے کی فراہمی کی افتتاحی تقریب نجی فلور ملز میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سینیٹر رانا محمود الحسن اور ڈپٹی کمشنر رانا اخلاق احمد نے سستے آٹے کی فراہمی کا افتتاح کیا جبکہ مسلم لیگ کے رہنماء شیخ طارق رشید،چوہدری عبدالوحید آرائیں،رانا طاہر شبیر بھی ہمراہ تھے۔

سینیٹر رانا محمود الحسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے 10 کلو آٹے کے تھیلے کی فراہمی 490 روپے میں شروع کر دی گئی ہے جو کہ موجودہ حکومت کا احسن اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی روکنے کیلئے 160 روپے فی 10 کلو تھیلے پر کمی سے عوام کو براہ راست ریلیف دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر رانا اخلاق احمد نے کہا کہ عوام کے کندھوں سے مجموعی طور پر 200 ارب روپے کا بوجھ کم کیا گیا ہے جو کہ بہت بڑا ریلیف ہے۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر فلور ملز کو سبسڈی پر گندم دی جارہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گندم کا باقاعدہ کوٹہ مقرر ہونے پر گندم ترسیل یقینی بنائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مارکیٹ اور سیل پوائنٹس تک سبسڈی کے آٹا کی بلا تعطل فراہمی کےلئے ہرممکن اقدامات بھی کئے گئے ہیں، ابتدائی طور پر ضلع کی 5سو سے زائد دکانوں پر سستا آٹا فراہم کیا جائے گا۔

 قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے آٹا سپلائی پر بریفنگ دی جبکہ ڈی ایف سی احمد جاوید نے فلور ملز کے میکنزم پر بریفننگ دی۔تقریب سے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور مستحق افراد میں آٹا بھی تقسیم کیا گیا۔

سورس:وی  این ایس،  ملتان