ملتان ؛ یوم تکبیر کے سلسلہ میں نجی کالج میں  سالانہ یوم تکبیر کانفرنس کا  انعقاد

9

ملتان، 28 مئی (اے پی پی): ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان اور نجی کالج  کے زیر اہتمام فورٹین سٹریٹ پیزا ملتان کے تعاون سے یوم تکبیر کے سلسلہ میں  نجی کالج  میں منعقدہ سالانہ یوم تکبیر کانفرنس کا  انعقاد کیا  گیا۔

کانفرنس کی صدارت رہجنل ڈائریکٹر سپیرئیر گروپ آف کالجز جنوبی پنجاب پروفیسر محمد یاسر طاہر خان نے کی مہمانان خصوصی میں ماہر تعلیم و سابق ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، چئیرمین پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی،مرکزی رہنما سید گروپ بیریسٹر سید عابد امام شاہ،مذہبی سکالر پروفیسر علامہ عبدالماجد وٹو، سماجی رہنما حافظ معین خالد،رشید عباس خان، چئیرمین پاکستان رائٹرز ونگ قاری محمد عبداللہ اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم شامل تھے۔

کانفرنس  سے  خطاب میں  مقررین نے کہا کہ  28 مئی ملکی تاریخ کا ایک سنہرا روشن باب ہے، پاکستان دلیرانہ فیصلے سے ایٹمی طاقت بنا آج پاکستان کا ایٹمی پروگرام صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ 57 دیگر اسلامی ممالک کا ایٹمی پروگرام گردانا جاتا ہے ۔ انہوں  نے کہا کہ  پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کیلئے معرض وجود میں آیا ہے اور خداوند کریم کے فضل سے ہمیشہ قائم رہے گا، ایٹمی دھماکوں سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا، پاکستانی ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔

مقررین  نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل پاک افواج کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور دفاع پاکستان میں قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستانی افواج ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہیں ان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنا ملک سے غداری کے مترادف ہے۔

اس موقع پر پروفیسر علامہ عبدالماجد وٹو، حافظ معین خالد،رشید عباس خان اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم  نے کہا کہ پاکستانی ایٹم بم کسی جماعت یا پارٹی کا نہیں یہ پاکستان کا اثاثہ ہے اور پاکستان کی حفاظت کے لیے ہے نا کہ دنیا میں تخریب کاری یا دہشت گردی کے لیے عالمی قوتیں شروع دن سے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف صف آرا ہیں۔انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ امتِ مسلمہ کو متحد ہوکر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا، کشمیر اور فلسطین کے مسئلہ پر امت مسلمہ کا اتحاد ناگزیر ہوچکا ہے، آج اسرائیل اور بھارت کھلم کھلا دہشت گردی کرکے نہتے کشمیریوں اور فلسطینی عوام کا قتل عام کررہے ہیں جن کو صرف اور صرف ہم متحد ہوکر روک سکتے ہیں۔

 اس موقع پر تقریب سے ریجنل پروجیکٹ منیجر عادل فاروق، وائس پرنسپل پروفیسر امتیاز، پروفیسر عثمان الطاف، پروفیسر محمود حسین ڈوگر،لائبریرین گورنمنٹ سائنس کالج ملتان عامر یاسین، ینگ پاکستانیز آرگناٙئزیشن کے انفارمیشن سیکرٹری علی رضا مرزا، رانا آسف زاوش، احمد مجتبٰی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی و بقاءکے لیے خصوصی دعا کی گئی۔