پشین؛ بلدیاتی انتخابات سے متعلق میڈیا ورکشاپ کا انعقاد

23

پشین،28 مئی  ( اے پی پی ): پشین میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق میڈیا ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں میڈیا ہاؤس پشین کے صحافیوں  نے شرکت کی۔ میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نذیر احمد حریفال نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا پرامن اور شفاف انعقاد اور نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی حقیقی جمہوریت کی طرف اہم پیش رفت ہوگی اس لئے میڈیا سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ ٹرن آوٹ زیادہ سے زیادہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک قومی امانت ہے، اس کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں، الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے عمل کو پر امن اور شفاف بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رکھے ہی،ں نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی میں سنجیدہ اور پرعزم ہیں۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نذیر احمد حریفال نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان بلوچستان میں 29 مئی 2022ء کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات سمیت انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی اور اپڈیشن کے کام اور عام انتخابات کیلئے عوامی آگاہی کے سلسلے میں مختلف اضلاع میں خصوصی میڈیا ورکشاپ کا انعقاد کررہا ہے تاکہ عوام کو بلدیاتی انتخابات اور ووٹرز لسٹوں کی اپڈیشن سمیت عام انتخابات سے متعلق آگاہی دی جاسکے اور ووٹ ٹرن آوٹ بڑھایا جاسکے۔

نذیر احمد حریفال نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا پرامن اور شفاف  انعقاد اور نچلی سطح تک اختیارات تک منتقلی حقیقی جمہوریت کے حصول کی طرف اہم پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے شہریوں کو انتخابی عمل میں حصہ دار بنانے کیلئے انکے نام انتخابی فہرستوں میں ڈال دیئے ہیں اور حلقہ بندیاں بھی کردی گئی ہیں اب یہ عوام پر منحصر ہے کہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے آزادانہ اور شفاف طریقے سے اپنا نمائندہ چننے جو کہ ان کا پورا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشین میں میڈیا ورکشاپ کا مقصد بلدیاتی انتخابات کی اہمیت و افادیت سے متعلق میڈیا پرسنز کے ذریعے شہریوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔