چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد

14

کوئٹہ، 27مئی ( اے پی پی ): چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں، 32اضلاع میں انتخابات کرائے جائیں گے۔

 چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہاکہ پرامن اور شفاف انتخابات صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نےحساس اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت کی ۔

عبدالعزیز عقیلی نے کہاکہ بلوچستان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں  نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے سیکیورٹی کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ پلان ترتیب دے دیا گیا ہے ۔

چیف سیکرٹری بلوچستان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط روابط قائم کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے پورے صوبے میں سیکیورٹی انتظامات میں اضافے کے لئے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات کیں اور کہا کہ سیاسی قیادت سے رابطہ مربوط بنایا جائے اور انہیں حکومت کی طرف سے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔

 چیف سیکرٹری نے مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایات کی کہ سیاسی قیادت اور  ا نتظامیہ ایک دوسرے سے تعاون کو بڑھائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جا سکے۔ انہوں  نے آنے والے انتخابات کے پر امن اور احسن انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت اور کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ خود مختلف اضلاع کا دورہ کرنے اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی، صوبائی الیکشن کمشنر، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔