ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے پشاور کے تمام پبلک پارکس کو ٹوبیکو فری قرار دے دیا

20

پشاور،31مئی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے آج سے پشاور کے تمام پبلک پارکس کو ٹوبیکو فری قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے ساتھ ہی پارکس کے اندر ٹک شاپس پر پابندی عائد کی ہے کہ وہ سگریٹ نہیں بیچیں گے، بصورت دیگر تمام متعلقہ آفسران کو انکے خلاف کاروائی کا اختیار حاصل ہوگا۔یہ احکامات ڈپٹی کمشنر نے  پشاور میں تمباکو نوشی کے تدارک کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران جاری کیے۔

 رواں سال کے اجلاس کا موضوع “تمباکو نوشی کے ماحول پر مضر اثرات” تھا، جبکہ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللّٰہ خان نے اجلاس کی صدارت کی جو ڈی سی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ ایمپلیمنٹیشن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس سے مخاطب ہوتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ ہر سال پاکستان میں تقریباً ایک لاکھ ساٹھ ہزار ایسے افراد موت کا شکار ہو جاتے ہیں جو خود تمباکو استعمال کرتے ہیں، جبکہ پوری دنیا میں چھ لاکھ ایسے افراد موت کا شکار ہوتے ہیں۔ جو خود تمباکو کا استعمال نہیں کرتے اور تمباکو پینے والوں کے دھوئیں سے متاثر ہوتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ  محکمہ صحت کے پبلک ہیلتھ میں قائم صوبائی ٹوبیکو کنٹرول سیل کے زیر انتظام صوبے کے تین اضلاع ایبٹ آباد ، ہری پور اور پشاور میں آزمائشی بنیادوں پر ایک جامع پروگرام تشکیل دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 600 ملین درخت ، 8.5 ملین ہیکٹرز زمین سگریٹ بنانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ جبکہ سگریٹ نوشی سے 84 ملین ٹن کاربن ڈائی آکسائڈ ماحول میں شامل ہوتا ہے۔

اجلاس میں محکمہ صحت ، پولیس ، اطلاعات ، سوشل ویلفیئر اور  تاجر و ٹرانسپورٹ  برادری کے نمائندے اور ایمپلیمنٹیشن کمیٹی کے ممبران  بھی شریک ہوئے۔