اٹک ؛ بڑے سیاسی دھڑے نے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کر لی

9

اٹک،31 مئی   (اے پی پی ):تحصیل حضرو میں ایک بڑے سیاسی دھڑے نے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے ۔ اس حوالہ سے مسلم لیگ(ن) پنجاب کے سینئر نائب صدر و سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور ایم پی اے جہانگیر خانزادہ کے اعزاز میں تاجک گائوں کی سیاسی ، سماجی و کاروباری شخصیات حافظ نسیم خان، حافظ عزیزالرحمٰن ،حاجی الیاس ، ممتاز خان ، عمران خان نے اپنے ڈیرہ پر شمولیتی تقریب کا اہتمام کیا جس میں انہوں نے برادری ، دوست و احباب سمیت پی ٹی آئی کو چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کی جانب سے دین کے وارثین جید علماء کرام کو گالیاں دینے ، نوجوانوں کے اخلاق بگاڑنے ، معاشرے میں نفرت و فسادات پھیلانے کے خلاف تحریک انصاف کوہمیشہ کیلئے خیر باد کہہ رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ بہت سوچ بچار اور مشاورت کے بعد ہمیں سب سے بہتر مسلم لیگ(ن) نظر آئی جس وجہ سے ہم نے شیخ آفتاب احمد اور جہانگیر خانزادہ کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کررہے ہیں۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد اور جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہر شعبہ کو زوال پذیر کیا ہے ، ملک کا حلیہ بگاڑ کر مہنگائی اور بیروزگاری کی دلدل میں عوام کو دھکیل دیا ہے جس وجہ سے آج پاکستان بھر میں عمران خان نیازی اور ان کی جماعت نفرت کی علامت بن گئے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ نواز شریف ، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز پاکستان اور پنجاب کو اگلے چند ماہ میں اس دلدل سے نکال کر خوشحالی کی طرف قوم کو گامزن کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ چھچھ میں جو بھی عوام کے مسائل ہونگے وہ ہم مل کر حل کریں گے اور آئندہ بھی پی ٹی آئی کو شکست دیں گے ۔