الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کو غلطی سے پاک بنانے کیلئے الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 36 کے تحت انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام کا آغاز کر دیا ہے ؛ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان فیاض حسین مراد

15

کوئٹہ،07جون (اے پی پی): صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان فیاض حسین مراد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آنے والے عام انتخابات کیلئے انتخابی فہرستوں کو غلطی سے پاک بنانے کیلئے الیکشن ایکٹ 2017 کی سیکشن 36 کے تحت انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام کا آغاز کر دیا ہے۔

منگل کو  یہاں  پریس کانفرنس سے  خطاب میں صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان فیاض حسین مراد نے کہا کہ  نظر ثانی کا مقصد انتخابی فہرستوں میں اہل ووٹر کا اندراج، فوت شدگان کا اخراج، اور ووٹ کی درستگی کیلئے عوام کو موقع فراہم کرنا ہے۔ نظر ثانی کے عمل کو سرانجام دینے کیلئے صوبہ بلوچستان میں 34 آر اوز، 278 اے او اوز، 831 سپروائیزرز، اور 3275 تصدیقی افیشلز تعینات کیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  نظر ثانی کے عمل کے پہلے مرحلے میں 7 نومبر 2021 سے 31 دسمبر 2021 تک گھر گھر تصدیقی عمل کا  پہلا مرحلہ ہوا اور 4 سے 18 مارچ 2022 تک گھر گھر تصدیقی عمل کا دوسرا مرحلہ ہوا۔21 مئی سے 19 جون تک ابتدائی انتخابی فہرستیں ڈسپلے سینٹرز پر آویزاں رہیں گی۔ صوبہ بلوچستان میں 1473 ڈسپلے سینٹرز قائم کیئے گئے ہیں۔ 97 ریوائیزنگ اتھارٹیز تعینات کیئے گئے ہیں۔21 مئی سے 19 جون تک ڈسپلے سینٹرز کا مرحلہ چلے گا۔

صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان فیاض حسین مراد نے کہا کہ 21 مئی سے 4 جولائی تک ریوائیزنگ اتھارٹیز کی جانب سے اپیلوں، درخواستوں اور اعتراضات کو نمٹایا جائے گا۔ 5 جولائی سے 14 جولائی تک فارمز کی ڈیٹا انٹری کی جائے گی۔ 15 جولائی سے 11 اگست تک انتخابی فہرستوں کی چھپائی اور ضلعی الیکشن کمشنر تک پہنچایا جائے گا۔ 12 اگست کو حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ  بلوچستان میں مرد ووٹروں کی تعداد 2841554خواتین ووٹروں کی تعدادا 2174321ٹوٹل 5015875 ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ کوئٹہ اور لسبیلہ کے بلدیاتی انتخابات جولائی کے پہلے ہفتے میں ہونگے۔