قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد خان جمالی سے فرانس کے کونسل جنرل کی ملاقات، تجارتی و اقتصادی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال

12

کوئٹہ، 07 جون (اے پی پی):قائم مقام گورنر بلو چستان میر جان محمد خان جمالی سے پاکستان میں فرانس کے کونسل جنرل   کرسچن ٹیسٹوٹ (Christian Testot)نے منگل کو  یہاں  سپیکرچیمبرمیں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور فرانس کے درمیان تعلقات تجارتی و اقتصادی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

 میر جان محمد خان جمالی نے جہالت پسماندگی اور غربت کے خاتمے اور عوام کو صحت،تعلیم، پینے کے صاف پانی و دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے بارے میں ترجیحات سے آگاہ کیااور کہا کہ پاکستان خصوصا ًبلوچستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقعے موجود ہیں،بلوچستان بنیادی طور معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے۔انہوں  نے کہا کہ فرانس بلوچستان میں مختلف شعبوں کی ترقی کے لئے سرمایا کاری کرے تاکہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر کیا جا سکے۔

قائم مقام گورنر بلو چستان میر جان محمد خان جمالی  نے کہا کہ بلوچستان کی ساحلی پٹی میں سیاحت کے فروغ اور معدنیات کی ترقی کی بہتری کے لئے فرانس کے تجربات سے استفادہ کا حصول انتہائی اہم ہے اور ہم فرانس کی مہارت سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، فرانسیسی قوم نے ہمیشہ محنت کو شعار بنا کر ترقی کی منازل طے کیں۔انہوں نے فرانس کے کونسل جنرل   کرسچن ٹیسٹوٹ  کو اسمبلی کی ساخت اور پارلیمانی روایات سے بھی آگاہ کیا۔

فرانس کے کونسل جنرل مسٹر کرسچن ٹیسٹوٹ نے پاکستان میں جمہوری عمل کے استحکام پر اپنے گہرے اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے تمام شعبہ ہائے زندگی میں ہونے والی ترقی اور اصلاحات کو فرانس انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فرانس پاکستان میں سرمایہ کاری کے موقعوں سے فائدہ اٹھائے گا۔

فرانسیسی سفیر نے قائم مقام گورنر کی مہمان نوازی پر انکا شکریہ ادا کیا۔میر جان محمد خان جمالی نے سفیر  کرسچن ٹیسٹوٹ کوشیلڈ پیش کی۔