بجلی کی طلب 25 ہزار اور پیداوار 21 ہزار میگاواٹ ہے، 4 ہزار میگاواٹ کی شارٹیج ہے؛ شاہد خاقان عباسی کی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس

10

اسلام آباد،6جون  (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ بجلی کی طلب 25 ہزار اور پیداوار 21 ہزار میگاواٹ ہے،  4 ہزار میگاواٹ کی شارٹیج ہے، سستی بجلی بنانے والے 2 پلانٹ 2019 میں مکمل ہونے تھے جو ابھی تک نہیں ہوئے۔

وہ پیر کو وفاقی وزراء مریم اورنگزیب اور خرم دستگیر کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔  شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے  کے لئے  بھرپور  کوششیں  جاری  ہیں ، ملک میں بجلی کی  طلب  25000 میگا واٹ سے زائد ہے جبکہ  ملک میں موجود ذرائع سے  صرف 18 ہزار میگا واٹ بجلی بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ  بجلی کی پیداوار کو 21 ہزار میگا واٹ تک لے گئے ہیں ،تقریباً 4 ہزار میگا واٹ کی کمی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کل سے ساڑھے 3 گھنٹے پر آجائے گی، سستی بجلی پیدا کرنے والے 2 بڑے پلانٹ آج تک مکمل نہیں ہوسکے،گزشتہ حکومت کی کوتاہیوں اور کرپشن کی ایک  طویل  داستان ہے،پٹرولیم مصنوعات پر ایک فیصد بھی ٹیکس لاگو نہیں ہے۔

 شاہد خاقان عباسی نے  مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات قیمت خریدپر فروخت کی جائیں گی،قیمت خرید سے کم  پرپٹرولیم مصنوعات فروخت نہیں کر سکتے،ماضی کی حکومت خود کش حملہ کر کے گھر جا چکی ہے،بغیر کسی خوف کے عوام کے مسائل جلد حل کرنے کیلئے کوشاں  ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت نے بروقت اقدامات کیے ہوتے تو آج یہ حالات نہ ہوتے،ملک میں سارے یونٹس پیداوار دیں تو 27ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔