کوئٹہ، 07 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ حکومت پولیس کو بہترین فورس بنانے کیلئے تمام وسائل فراہم کریگی، پولیس اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کیلئے ان کی ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جائے ۔
ان خیالات کااظہار وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے نئے تعینات ہونے والےآئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ سے گفتگو میں کیا ، جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کوآئی جی پولیس کی جانب سے بلوچستان پولیس کے پیشہ وارانہ امور اور امن امان پر بریفنگ دی گئی ۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیرپا امن کا قیام اور عوام کی جان مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پولیس کی قربانیاں اور کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس فورس کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں،امن وامان کے قیام اور جرائم کے خاتمے میں پولیس اور عوام کے درمیان مضبوط و مربوط تعلق اور تعاون ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ پولیس فورس اپنے کردار و اخلاق کے ذریعہ عوام کا اعتماد حاصل کرے،دوران چیکنگ پولیس عوام کی عزت نفس ہر صورت برقرار رکھے۔
آئی جی پولیس نے یقین دہانی کروائی کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت اور گائیڈ لائن کے مطابق پولیس میں ضروری اصلاحات کی جائیں گی۔











