ملتان، 14 جون ( اےپی پی): سیکرٹری فوڈ پنجاب نادر چھٹہ نے کہا ہے کہ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے آٹے پر تاریخی سسبڈی دی جس کے صوبے بھر میں مثبت ثمرات سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر کی فلور ملز سستے آٹے کی بلاتعطل فراہمی کے احکامات دیے ہیں۔ سرکاری کوٹہ کی خلاف ورزی پر فلور مل کو سیل کرکے لائسنس بھی معطل کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس میں محکمہ فوڈ کے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور ملتان ڈویژن کے فوڈ افسران نے شرکت کی
سیکرٹری فوڈ نادر چھٹہ نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے ڈویژن میں 1250 آٹا سیل پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں بلاتعطل اور بلا تفریق آٹا فراہم کیا جارہا ہے۔محکمہ فوڈ کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ سرکاری کوٹہ کی عدم فراہمی پر فلور ملز کا لائسنس کینسل کیا جائے۔نادر چھٹہ نے ہدایت کی کہ آٹا و گندم کی سملگنگ روکنے کیلئے ناکہ بندی یقینی بنائی جائے اور سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں۔سیکرٹری فوڈ نے کہا کہ گنجان آباد علاقوں میں آٹا سیل پوائنٹس کی تعداد بڑھائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری سبسڈی سے مستفید ہوں۔











