عمران خان اس ملک کو بنک کرپٹ اور برباد کرنا چاہ رہے ہیں ؛ وزیر مملکت    ڈاکٹر مصدق ملک  

7

اسلام آباد،3جون  (اے پی پی): وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ عمران خان کی دی گئی سبسڈی کی قیمت آج عوام مہنگے پیٹرول کی صورت میں ادا کر رہے ہیں،عمران خان اس ملک کو بنک کرپٹ اور برباد کرنا چاہ رہے ہیں، ملک کو بربادی اور دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے مشکل فیصلہ کیے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   جمعہ کو  یہاں  سابق وزیراعظم  شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ  پریس کانفرنس سے  خطاب میں کیا۔وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک  نے کہا کہ  وزیراعظم شہباز شریف اور  مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف نے  یہ فیصلہ کیا کہ عوام کو ریلیف دیئے بغیر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو گا، ہم نے تین بار اس حوالے سے لائحہ عمل  بنا کر دیا جسے وزیراعظم نے قبول نہیں کیا، اس وقت  ہر 6 میں سے 4 خاندانوں کی آمدنی  37 ہزار روپے سے  کم ہے۔

 ڈاکٹر مصدق ملک  نے کہا کہ عمران خان ملک کو دیوالیہ ہونے کی طرف  لے گئے  ، وہ کہتے ہیں کہ اگر  وہ نہیں  کھیل سکتے تو کھیل ہی ختم کردیں گے۔  آئی ایم ایف کے ساتھ لیوی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا معاہدہ عمران خان نے کیا تھا۔ عمران خان کی سبسڈی  کی قیمت آج عوام مہنگے پٹرول  کی صورت میں ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ملک کو بربادی اور دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے مشکل فیصلے کئے گئے ہیں۔ ہر غریب خاندان کو اپنی ضروریات پوری کرنے کے لئے 2 ہزار روپے  دیئے جا رہے ہیں،40 ہزار روپے تک   کی آمدنی والے غریب افراد کو سہولت دے  رہے ہیں تاکہ وہ اپنی مرضی سے یہ رقم خرچ کر سکے۔