ملتان 24، جون(اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت ڈویژن کے ریونیو کا جائزہ اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا، ڈی سی نے افسران کو ریکوری اہداف حاصل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملکیتی انتقال،آبیانہ اور واٹر ریٹ،سرکاری واجبات کی ریکوری میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملکیتی انتقال،اسٹامپ ڈیوٹی کے واجبات بھی کلئیر کئے جائیں۔ انسداد تجاوزات کارروائیاں تیز کرکے سرکاری اراضی واگزار کروائیں، ریونیو افسران مواضعات کو آن لائن کرکے لینڈ ریکارڈ سنٹرز پر اپ لوڈ کریں، اوور سیز پاکستانیوں کے مقدمات سمیت دیگرجوڈیشل کسیز کی مکمل پیروی کی جائے۔ڈی سیز، اے سیز ریونیو کے کیسز حل کرنے کیلئے باقاعدگی سے عدالتیں لگائیں۔
عامر خٹک نے مزید کہا کہ سائلین کی درخواستوں کے حل کے عمل بارے میکنزم بنایا جائے، دفاتر میں آنے والے سائلین کی مکمل رہنمائی کی جائے اور اچھے اخلاق سے پیش آئیں، دفاتر کے باہر متعلقہ پراسیس بارے واضح ہدایات آویزاں کی جائیں۔
اجلاس میں ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز نے ریونیو کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریونیو کورٹس میں زیرالتواء کیسز کی فوری تکمیل کی جارہی ہے۔ ریونیو افسران کھلی کچہریوں کے ذریعے موقع پر ریلیف فراہم کررہے ہیں۔ ڈویژن کے 81 قانون گوئیوں پر دیہی مرکز مال مکمل فعال ہیں۔
ڈویژن کے 560 پٹوار سرکل میں 390 دیہی مرکز مال مکمل فعال ہیں۔ ڈویژن کے 2442 موضعہ جات میں 2230 کو آن لائن کیا جاچکا ہے۔ قانون گوئی لیول پر تمام 81 دیہی مرکز مال فنکشنل کئے جاچکے ہیں۔212 موضعہ جات کو آن لائن کرنے بارے ورکنگ شروع کی جاچکی ہے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز،ایڈیشنل کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، لینڈ ریکارڈ افسران موجود تھے۔











