ملتان، 13 جون ( اےپی پی): وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے ڈویژنل انتظامیہ کو نشتر 2 کی مقررہ مدت میں تعمیر کا ٹاسک سونپ دیا۔اس سلسلے میں کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے نشتر2 تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کمشنر آفس کی جانب سے منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے مکمل معاونت فراہم کی جارہی ہے۔منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے بارے کوشاں ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے 6 ارب روپے جاری کئے جاچکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نشتر2 کی تکمیل سے نشتر ہسپتال 1 پر بوجھ کم ہوگا۔سول ورک کیساتھ مشینری خریداری کا ٹینڈر عمل شروع کیا جائے۔اس موقع پر بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 58ایکڑز پر 9.4 بلین روپے کی لاگت سے نشتر ٹو فیز 1 کا کام جاری ہے عمارت کے اندرونی حصہ میں بجلی و دیگر انسٹالیشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ لانڈری، ریڈیالوجی، میڈیکل گیس ہائپ لائن سسٹم کا کام ایوارڈ کردیا گیا ہے۔ جنریٹر، کولنگ سسٹم، یو پی ایس موصول ہوگئے ہیں۔ امسال دسمبر میں اوبپی ڈی، ایمرجنسی فنکشنل کر دی جائے گی۔ پہلی فیز میں 500 بیڈز پر مشتمل ہسپتال، کیفیٹیریا، سرائے شامل ہے۔ ڈاکٹروں نرسوں کے رہائشی بلاک بھی نشتر 2 فیز 1 کا حصہ ہے۔











