نوشہرو فیروز،08 جون (اےپی پی ): ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نوشہرو فیروز کی زیر صدارت 26 جون کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات 2022 کی سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات 2022 کے لئے انتخابی عملے اور حساس مواد کی ترسیل کے دوران تمام ضروری سیکورٹی فراہم کی جائے گی، پولنگ میٹریل کی سیکورٹی کے لئے محکمہ پولیس کے جوان مقرر کئے جائیں گے جو کہ سامان کی وصولی سے تقسیم تک سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، حساس میٹریل کے سامان کی نقل و حمل کے دوران مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی، صرف انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر رینجرز مقرر کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سامان کی ترسیل کے لئے ٹرانسپورٹ کا انتظام ہر تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر کی ذمہ داری ہوگی جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کیمرے نصب کئے جائیں۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نیا ز احمد نے بتایا کہ ضلع میں692 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے،انتخابات سے پندرہ روز قبل پولنگ اسٹیشن کی فہرست مکمل کی جائے گی۔انتخابات سے ایک دن قبل انتخابی سامان پریزائڈنگ افسران کے حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ کا غیر حساس مواد موصول ہوچکا ہے جبکہ حساس مواد انتخابات سے دو یا تین دن قبل موصول ہوگا۔
اس موقع پر ایس ایس پی عبدالقیوم پتافی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون مہدی مالوف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سید عمار حسین اور دیگر افسران موجود تھے۔











