نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پاکستان کے 15 رکنی وفد کی سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن آمد

25

واشنگٹن، 14جون (اے پی پی):امریکہ کے مطالعاتی دورہ پر آئے ہوئے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پاکستان کے 15 رکنی وفد نے سفارتخانہ پاکستان واشنگٹن  کا دورہ کیا۔ وفد کی  سفیر پاکستان سردار مسعود خان سے ملاقات ہوئی۔ وفد کے اراکین میں پاکستان کی مسلح افواج اور سول سروسز کے سینئر افسران سمیت بنگلہ دیش، سری لنکا اورسعودی عرب کے اتحادی حکام شامل تھے۔

سفیر پاکستان سردار مسعود خان نے وفد کو پاکستان امریکہ دوطرفہ تعلقات کی تاریخ اور موجودہ صورتحال سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان اور امریکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے جامع اور وسیع البنیاد ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔پاکستان اور امریکہ پرامن اورمستحکم افغانستان کے مشترکہ مقاصد اور افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔پاکستان اور امریکہ کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، اقتصادی،تجارتی، دفاع، تعلیم، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، توانائی اور ثقافتی شعبے سمیت دیگر شعبہ جات کے حوالے سے بھی کام کیا جارہا ہے۔دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون سمیت تجارت، سرمایہ کاری، آب و ہوا، صحت، توانائی اور تعلیم کا محکمہ بھی یکساں اہمیت کا حامل ہے۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ روابط اور تعلقات 75 سال پر محیط ہیں۔

سفیر پاکستان نے یوکرین کے جاری بحران کے حل کے لیے فعال سفارت کاری کی فوری ضرورت پر زور دیا، خطے میں جاری انسانی بحران، عالمی بحران کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔جاری بحران کے حل کیلئےاقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور وعدوں پر اجتماعی ردعمل کی ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن و استحکام لانے کے لیےکام کیا ہے۔پاکستان  اور امریکہ کے دیرینہ تعلقات میں امریکہ میں متعین تارکین وطن کا کردار انتہائی اہم ہے۔پاک – امریکہ دو طرفہ تعلقات دیگر شعبوں سمیت زراعت اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری سے مزید مضبوط ہوں گے۔

بریفنگ کے اختتام پر سفیر پاکستان سردار مسعود خان نے وفد کے ارکان کے سوالات کے جوابات بھی دیئے ۔

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا وفد واشنگٹن ڈی سی میں اپنے قیام کے دوران مختلف امریکی دفاعی اور سول اداروں کا دورہ کرے گا۔