لاہور ،03 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت ریسورس موبلائزیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ میں عام آدمی پر نئے ٹیکس لگانے کی تجاویز مسترد کردی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ عام آدمی پر کسی قسم کا بوجھ نہ ڈالا جائے،پسے ہوئے طبقے کی مشکلات کم کرنا ہماری ترجیح ہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ نئے ٹیکس لگانے کی بجائے عام آدمی کو ریلیف دینے پر توجہ دی جائے ، امیر طبقے کے لیے ٹیکس بیس بڑھایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ وسائل میں اضافے کے لیے آوٹ آف باکس اقدامات تجویز کئے جائیں۔انہوں نے وسائل میں اضافے کے لیے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہدایت بھی دی۔
صوبائی وزراء سردار اویس احمد خان لغاری، عطاتارڑ، خواجہ سلمان رفیق، اراکین پنجاب اسمبلی میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، ذیشان رفیق، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹریز خزانہ، لوکل گورنمنٹ، ایکسائز ، پنجاب ریونیو ، ماہرین اقتصادیات ، اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











