وفاقی محتسب کے حکم پر سوروپے کی نوٹ میں قائد اعظم محمد علی جناح کی اسپیلنگ اور زیارت کی علاقائی پوزیشن درست کردی گئی

28

کوئٹہ۔ 30 جون (اے پی پی): سابق بیوروکریٹ محمد حسن نے وفاقی محتسب ریجنل آفس کوئٹہ میں درخواست دائر کی تھی کہ سو روپے کے نوٹ پر قائد اعظم محمد علی جناح کی اسپیلنگ غلط لکھی گئی ہے جوکہ آئین پاکستان کے متصادم ہے، اس سلسلے میں درخواست گزار نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سمیت لاتعداد اداروں کو شکایتیں لکھیں مگر عرصہ دراز سے کوئی شنوائی نہیں ہوپائی۔ بالاآخر شکایت گزار نے وفاقی محتسب کے دفترمیں درخواست دائر کی کہ سوروپے کے نوٹ پر قائد اعظم محمد علی جناح کی اسپیلنگ آئین پاکستان کی ترتیب دی گئی اسپیلنگ سے مختلف ہے اور زیارت کو بھی کوئٹہ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس درخواست پر فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے وفاقی محتسب کے عملے نے انکوائری کنڈکٹ کی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو قائد اعظم کی آئینی اسپیلنگ اور زیارت کی پوزیشن درست کرنے کے احکامات جاری کیے۔

 درخواست گزار محمد حسن خصوصی طور پر کراچی سے کوئٹہ تشریف لائے اور اپنے دیرینہ مسئلے کے حل ہونے پر وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔ اور قائد اعظم محمد علی جناح سے محبت اورآئین پاکستان کا احترام کرتے ہوئے اس فیصلے کو قبول کیا  اور خوشی کا اظہار کیا کہ کئی سالوں سے وہ اس مسئلے کو ہر فورم پر اٹھاتے رہے ہیں مگر کہیں سنوائی نہیں ہوئی لیکن وفاقی محتسب میں درخواست دینے کے بعد فوری طور پر اس مسئلہ کو حل کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں جوکہ باعث مسرت ہے۔