چترال،30جون (اے پی پی):ضلع چترال کے علاقہ آرکاری میں جمعرات کے روز برفانی توہ پھٹنے سے ربط گول نالہ میں سیلاب آنے سے آرکاری کی رابطہ سڑک آمدورفت کے لیے بند ہوگئی تاہم مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک پر ٹریفک کو بحال کردیا۔
وادی آرکاری سے تعلق رکھنے والے سماجی کارکن امیر الدین نے اے پی پی کو بتایا کہ آرکاری نالہ میں سیلاب کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے تاہم زرعی زمینوں کو نقصان پہنچا۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں بھاری مشنری کا پہنچنا نہایت مشکل ہے کیونکہ سڑک نہایت خراب ہے اس لیے علاقے کے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کو بحال کرنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ سیلاب کی شدت کم ہوچکی ہے تاہم لوگ اب بھی پریشانی کے عالم میں مبتلا ہے۔











