پولیس اور پریس کا چولی دامن کا ساتھ ہے، جرائم کے خاتمہ کیلئے میڈیا نشاندہی کرے، فوری کارروائی عمل میں لائے جائے گی ؛ پی او اٹک عمر سلامت

29

 

کامرہ، 07 جون (اے پی پی ):نو تعینات ڈی پی او اٹک عمر سلامت نے ڈی پی او آفس اٹک میں الیکٹرونکس، پرنٹ و سوشل میڈیا نمائندگان سے تعارفی میٹنگ کا انعقاد کیا،جس میں ضلع بھر سے فعال صحافیوں اور سوشل میڈیا کے لوگوں نے شرکت کی۔ڈی پی او اٹک نے فرداً فردا ً شرکاء سے ملاقات کی۔

 اس موقع پر ڈی پی او عمر سلامت نے صحافیوں سے خطاب میں کہا کہ پولیس اور پریس کا چولی دامن کا ساتھ ہے ،  پریس کے چوتھے ستون سے انکار ممکن نہیں، معاشرے کی اصلاح اور جرائم کے خاتمہ کیلئے میڈیا نشاندہی کرے، اٹک پولیس فوری کارروائی عمل میں لائےگی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا اور پولیس نے ملکر معاشرے سے جرائم اور برائیوں کا قلع قمع کرنا ہے تاکہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

ڈی پی او اٹک عمر سلامت نے کہا کہ افسران و اہلکاران کی طرح صحافی بھی پولیس فیملی کا حصہ ہیں، انہیں جب بھی کسی کوئی مسئلہ درپیش ہو میرے دفتر کے دروازے ہمیشہ ان کیلئے کھلے ہیں ۔ ایک سوال پر ڈی پی او اٹک نے کہا کہ قانون سے کوئی بھی مبرا نہیں ، کوئی پولیس آفیسر یا کوئی میڈیا پرسن ، خدانخواستہ کوئی کسی جرم میں ملوث پایا گیا تو قانون سب کیلئے برابر ہے ۔

عمر سلامت نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں اس بات کو بھی یقینی بنائینگے کہ تھانے اور چوکیات وغیرہ پر کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی خدمت ہی ہمارا نصب العین ہے کیونکہ اسی عوام کے ٹیکسوں سے ہمیں تنخواہ ملتی ہے۔

 ڈی پی او نے کہا کہ وہ افراد جن کی کوئی سفارش نہیں وہ ہمارے لئے سب سے اہم ہیں کہ اسکی سفارش اللہ رب العزت کی ذات ہے۔

 اس موقع پر ڈسٹرکٹ رپورٹر اے پی پی نثار علی خان نے نو تعینات ڈی پی او اٹک عمر فاروق سلامت کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنے ہر تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اٹک پولیس کو عوام دوست بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔دیگر میڈیا نمائندگان نے بھی اٹک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پولیس کے ساتھ ملکر معاشرے سے جرائم کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔