ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین کی زیر صدارت توانائی کی بچت کے لیے اہم اجلاس منعقد

1

 

اٹک، 21 جون ( اے پی پی ): ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی اور ضلع اٹک میں توانائی کی بچت کے لیے حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ اوقات کار کو کاروباری مراکز پر نافذ کرنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر اٹک محمد ذوالقرنین نے کی۔اجلاس میں صدر پاکستان مسلم لیگ نواز ضلع اٹک سلیم شہزاد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اٹک ذوالفقار احمد،اسسٹنٹ کمشنر اٹک محمد سلیم راجہ،ڈی ایس پی سردار اظہر شبیر دیگر متعلقہ افسران اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں انجمن تاجران کے نمائندوں کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والے اوقات کار کے مطابق تمام کاروباری مراکز اپنی کاروباری سرگرمیاں سرانجام دے سکیں گے اور اس کے ساتھ کاروبار بند کرنے کے اوقات پر عمل درآمد ضروری ہے۔ضلعی اور تحصیل انتظامیہ تمام عمل کی بغور نگرانی کرے گی۔انجمن تاجران سے اپیل ہے کہ وہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل درآمد کریں۔اجلاس میں روزمرہ کی اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا متعلقہ افسران نے شرکاء کو اشیاء خوردونوش کے متعلق بریفنگ دی۔اس کے علاوہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے عملی اقدامات بھی زیر بحث لائے گئے۔