وفاقی حکومت سیاسی وابستگیوں سے بالاترہو کر آزادکشمیر اور گلگت بلتستان عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔قمرزمان کائرہ

5

 

اسلام آباد۔21جون  (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے اُمور کشمیر و گلگت  بلتستان قمر زمان کائر ہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے وزیر اعظم شہبازشریف کی خصوصی ہدایات پر گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کا بجٹ پچھلے سال کے برابرمختص کردیا ہے۔اُنہوں نے اس امر کا اظہار منگل کو یہاں میں ایک اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال،وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالدخورشید، وزیر مالیات آزادکشمیر ماجدخان، وزیر منصوبہ بندی آزادکشمیر چوہدری رشید احمد کے علاوہ وزارت اُمور کشمیر،آزادکشمیر حکومت اور گلگت بلتستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مشیر اُمور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان پاکستان کے اہم ترین خطے ہیں اور ہم نے تمام ترسیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ان دونوں علاقوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت شدید معاشی مشکلات کا شکارہے اور ایسے میں تمام صوبوں کے بجٹس پر کٹ لگائے گئے ہیں جبکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں کی اہمیت کو جانتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے دونوں خطوں کے بجٹ کو گزشتہ سال کے لیول پر مختص رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ آزادکشمیر او ر گلگت بلتستان کے بجٹس کو ناصرف محفوظ کیا گیا ہے بلکہ اس میں اضافہ بھی کیا گیا ہے اجلاس میں آزادکشمیر او رگلگت بلتستان کے حکام نے بجٹس سے متعلق اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔اس موقع پر وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ملک اس وقت معاشی مسائل سے دوچار ہے اور پچھلے 75 سال میں پہلی مرتبہ کسی بھی صوبے کو چوتھی قسط نہیں دی گئی  ۔اُنہوں نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے حکام کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی تحریک انصاف کی حکومتوں کو سیاسی وابستگی کی نظر سے ہرگز نہیں دیکھتی بلکہ ان دونوں علاقوں کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اگر پورے ملک کے پی ایس ڈی پی کے حجم کو دیکھا جائے تو اس لحاظ سے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے پی ایس ڈی پی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وزیر منصوبہ بندی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پی ایس ڈی پی ایلوکیشن میں 80 فیصد فنڈز پہلے سے جاری سکیموں کے لیے مختص کیے جائیں اور کسی بھی نئے منصوبے کے لیے ٹوکن ایلوکیشن  سے گریز کیا جائے۔اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ آزادکشمیر میں دس پندرہ سال سے جاری سِک پروجیکٹس کی نشاندہی کر کے رپورٹ تیار کی جائے اور ان منصوبوں کو جلد ازجلد سیٹل کیا جائے۔  ری کرنٹ بجٹس سے متعلق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے حکام کو یقین دلایا کہ آزادکشمیر او ر گلگت بلتستان کی حکومتیں تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی مد میں اپنے اعدادوشمار اگلے چند روز میں وزارت خزانہ کے ساتھ شیئر کریں اور اس متعلق وزارت خزانہ ہر قسم کا تعاون کرنے کے لئے تیارہے۔ اجلاس کے اختتام پر مشیر اُمور کشمیر قمر زمان کائرہ نے ایک مرتبہ پھر شرکاء کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت تمام تر سیاسی وابستگیوں سے بالاترہو کر آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔