اسلام آباد،6جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ چار برسوں میں ذاتی مفاد کیلئے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیا، پانچ قیراط کی انگوٹھی اور توشہ خانہ کی گھڑیاں بیچنے والوں کو کیا معلوم کہ ملکی مفاد کیا ہوتا ہے، عمران خان، بشریٰ بی بی، فرح گوگی گٹھ جوڑ نے ملک اور اس کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا، ملکی معیشت تباہ کی۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ توشہ خانہ کی گھڑی یا بشریٰ بی بی کی انگوٹھی کا معاملہ نہیں ہے، یہ قومی مفادات کو بیچنے کا معاملہ ہے۔ عمران خان، بشری بی بی اور فرح گوگی گٹھ جوڑ نے پنجاب اور وفاق کی سطح پر اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، عوام آٹا، بجلی، گیس کے لئے ترستی رہی، ملک میں کاروبار اور معیشت تباہ ہوتی رہی لیکن یہ لوگ اپنی آمدن میں اضافے میں لگے رہے، یہ پاکستان کے عوام کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنی گالا میں روحانی عملیات کی بات ہر زبان پر تھی، اصل میں وہاں کرپشن کے عملیات ہو رہے تھے، پچھلے چار سالوں کے دوران کسی بھی منی ٹریل کو چیک کریں تو اس کے تانے بانے عمران خان، بشریٰ بی بی اور فرح گوگی سے ملتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران ہونے والی ٹرانسفرز، تعیناتیاں، پراجیکٹس اور حکومتی معاملات کا کھرا بنی گالا جا کر نکلتا ہے، عمران خان نے وزیراعظم آفس کو اپنے ذاتی مفادات کے لئے استعمال کیا، چار سال یہ دوسروں پر الزامات لگاتے رہے، دوسروں کی پگڑیاں اچھالیں اور خود سرکاری وسائل کا غلط استعمال کیا، انہوں نے چار سال عوام کو تکلیف کے سوا کچھ نہیں دیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپنی چوری اور کرپشن سے نظر ہٹانے کے لئے انہوں نے بیرونی سازش کا ڈرامہ کیا، اگر عمران خان الیکشن چاہتے ہیں تو وہ استعفوں کی تصدیق کے لئے سپیکر کے پاس کیوں نہیں گئے؟ نیا الیکشن تو مانگ رہے ہیں لیکن قومی اسمبلی سے استعفیٰ نہیں دے رہے، بیرون ملک سازش کا الزام تو پارلیمنٹ پر لگایا جا رہا ہے لیکن اس سے مستعفی نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نیا پاکستان میں نہ ایک کروڑ نوکری آئی، نہ ملکی معیشت ٹھیک ہوئی، نہ غربت ختم ہوئی۔











