گوادر ، 03 جون (اے پی پی ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو یہاں ایسٹ بے ایکسپریس وے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے کی تعمیر سے گوادر نیشنل ہائی وےکے ذریعے کراچی سے منسلک ہوگا ۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کا فضائی معائنہ کیا ہے، گوادر ایئرپورٹ چین کی حکومت کی گرانٹ سے تعمیر کیا جا رہا ہے، ایسٹ بے ایکسپریس وے مکمل ہو گئی ہے اور اس کی تعمیر سے گوادر نیشنل ہائی وے سے منسلک ہو جائے گا، اس سے سامان کی نقل و حمل میں آسانی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ گوادر میں ایک ڈی سیلینیشن پلانٹ کا بھی انتظام کیا گیا ہے، علاج کیلئے ہسپتال تعمیر کیا گیا ہے جبکہ گوادر کے 3200 گھرانوں کیلئے شمسی توانائی سے چلنے والے سولر پینل مہیا کئے جا رہے ہیں، ہمارے سکیورٹی ادارے چینی شہریوں کو سکیورٹی کی فراہمی کیلئے اپنی ذمہ داری بخوبی ادا کر رہے ہیں۔











