سکھر،06جون(اے پی پی ): یونین کونسل تین مکی شاہ کے آزاد امیدوار چیئرمین زاہد محمود مغل ایڈووکیٹ اور وائس چیئرمین ظہیر حسین بھٹی نے کہا ہے کہ سکھر کی عوام کے ساتھ ہر دور اقتدار میں زیادتی کی گئی، ووٹ کے نام پر عوام سے مذاق کیا گیا، سکھر میں ترقیاتی کاموں کے نام پر ملنے والے کروڑوں روپے سیاست کی نظر ہو گئے، سکھر کو پیرس اور ملائشیا بنانے کے دعوے کرنے والے سیاستدانوں نے سکھر کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود اور الیکشن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔زاہد محمود مغل اور ظہیر حسین بھٹی نے مزید کہا کہ سکھر کے شہری آج تک پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، شہریوں کو انتہائی بدبو دار اور گندا پانی فراہم کیا جارہا ہے جو مضر صحت ہے، ڈرینج سسٹم مکمل تباہ ہو چکا ہے جبکہ شہر میں صفائی کا نظام بھی درہم برہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے علاقے کے مسائل حل کرنے کی خاطر الیکشن میں حصہ لیا ہے، کامیابی حاصل کرنے کے بعد علاقے کے مسائل کے لئے عوام کے درمیان ہی رہیں گے ۔











