جشن آزادی کی تقاریب سادگی سے پر وقار انداز میں منائیں؛ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک عباس ذوالقرنین کی سرکاری محکموں کو ہدایت

13

دیپالپور،19 جولائی(اے پی پی ): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک عباس ذوالقرنین نے تما م سرکاری محکموں کو ہدائیت کی ہے  کہ وہ جشن آزادی کی تقاریب سادگی سے پر وقار انداز میں منائیں، جشن آزادی کے سلسلہ میں محکمانہ طور پر کئے جانے والے پروگراموں میں انسداد کرونا ایس او پیز اور حکومتی ہدایات کو مد نظر رکھا جائے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی کے سلسلہ میں محکموں کی جانب سے کئے جانے والے پروگراموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ہدائیت کی کہ تمام سرکاری محکمے تحریک پاکستان میں مسلمانان ہند کی جد و جہد ،قربانیوں اور قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت کے نمایاں پہلوءوں سے متعلق بھی شرکاء پروگرام کو بتائیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک عباس ذوالقرنین  نے کہا کہ  اس کے علاوہ پاکستان میں ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہود کے لئے مملکت خداداد میں کئے جانے والے نمایاں کار ناموں کو بھی اجاگر کیا جائے، تمام محکمے انفرادی طور پر جشن آزادی کے پروگرام کے ساتھ ساتھ ضلع کی سطح پر ہونے والی تقاریب میں شرکت کو بھی یقینی بنائیں۔ سکولوں ،کالجز ،یونیورسٹی میں قرآت ،نعت خوانی ،ملی نغموں ،تقا ریر کے مقابلہ جات کروائے جائیں، آرٹس کونسل پینٹنگ نمائش اور جدو جہد آزادی کے لئے مسلمانان ہند کی قربانیوں کو ڈرامائی شکل میں پیش کریں۔

 انہوں نے میونسپل کارپوریشنز کو ہدائیت کی کہ جشن آزادی کی مناسبت سے شہر کے مختلف چوک چوراہوں میں بینرز اور پوسٹر آویزاں کریں، سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قو میں اپنی آزادی کے لئے کی گئی جدو جہد یاد رکھتی ہیں، ہمارا یہ فرض کہ ہم اپنے اکابرین کی قربانیوں اور تحریک پاکستان کے مجاہدین کے کارناموں کو نئی نسل تک پہنچائیں ۔