زیارت آپریشن میں مارے جانے والے عناصر کو معصوم شہری ظاہر کرنے کا گمراہ کن پراپیگنڈہ کیا گیا؛پی پی رہنما نور احمد بنگلزئی

30

کوئٹہ،29جولائی  (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء وممتاز قبائلی شخصیت سردار نور احمد بنگلزئی نے  کہا ہے کہ زیارت کی حدود میں لیفٹیننٹ کرنل  لئیق بیگ مرزا اور ان کے کزن عمر جاوید کو  شہید کرنے والوں کے خلاف آپریشن کے بعد ایک مزموم اور گمراہ کُن پرپیگنڈا کے تحت  مارے گئے عناصر کو معصوم شہری ظاہر کیا گیا اور  دہشت گردی  کے اِس گھناؤنے واقعے سے توجہ ہٹانے کے لیے ان کو پہلے سے لاپتہ افراد کی فرضی لسٹ میں شامل  کرنے کے کوشش کی گئی ہے  ۔

جمعہ کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار نور احمد بنگلزئی نے  کہا کہ زیارت میں کرنل لئیق اور اس کے کزن کو اغوا کے بعد شہید کیا گیا  جبکہ زیارت اآپریشن میں کئی دہشت گرد مارے گئے ۔انہوں نے کہا کہ مفاد پرست عناصر کی طرف سے  لاپتہ  افراد کےمارے جانے کے حوالے سے بے بنیاد پراپیگنڈہ اور ڈرامہ رچایا گیا، اس کارروائی میں  شہزاد نامی شخص مارا گیا جو کالعدم تنظیم کا فعال کردار تھا جسے ہاسٹلز اور کالجوں سے بھرتی کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی، کالعدم تنظیم کا یہ شخص اربن ایریا کا انچارج تھا جو کالعدم تنظیم  کے دہشت گردوں کی نقل و حمل کے علاوہ ایک فعال ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد کا ٹرانسپورٹر تھا، اس شخص  نے جی پی او قلات کے قریب ایف سی میس پر دستی بم سے حملہ کیا تھا۔

سردار نور احمد بنگلزئی نے کہا کہ زیارت آپریشن میں کئی دہشتگرد مارے گئے اور ایک سازش کے تحت لاپتہ افراد کےمارے جانے کے  حوالے سے ڈرامہ رچایا گیا اور مفاد پرست عناصر نے  ریڈ زون میں دھرنا دیا جس میں لاپتہ افراد کے لواحقین ایک ظہیر احمد نامی شخص کو شہید کرنے کا لزام لگارہے تھے جو بنگلزئی قبیلے سے تعلق رکھتا ہے اور  ظہیر احمد بنگلزئی نامی یہ جوان نہ صرف  زندہ ہے بلکہ  ہمارے ساتھ موجود بھی ہے ،حیرت ہے کہ اس زندہ شخص کے   شہید ہونے کا ڈرامہ رچایا گیا ۔

 پریس کانفرنس میں ظہیر احمد بنگلزئی نامی نوجوان نے بتایا کہ  میرا تعلق کسی تنظیم سے نہیں ہے  ،میری  مبینہ ہلاکت کی خبروں پر میرے گھروالوں نے فاتحہ خوانی کی تاہم الحمدللہ  میں زندہ ہوں اور اپنے گھر باحفاظت پہنچ گیا ہوں۔