اسلام آباد، 18 جولائی (اے پی پی ): وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں سمندر پار پاکستانیوں کی وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفود میں بیرون ملک پاکستانیوں کے مختلف تنظیموں کے صدور و عہدیداران شامل تھے۔ملاقات میں سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل، فلاح و بہبود و او پی ایف ویلی زون فائیو میں جاری ترقیاتی کام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بیرون ملک پاکستانیوں نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور اب تک کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ دہائیوں سے حل طلب مسائل اب ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔
وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، او پی ایف ویلی کی ان کے خوابوں کے مطابق جلد از جلد تعمیر کرائی جائیگی۔











