فیصل آباد، 02 جولائی (اے پی پی):حکومت پنجاب کی ہدایات پر صوبہ بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے اشتراک سے میٹروپولیٹن کارپوریشن ہال میں اینٹی ڈینگی ڈے آگاہی مہم کے حوالہ سے سیمینار کا انعقادکیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف نے کی۔
ڈپٹی کمشنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صاف ستھرا ماحول برقرار رکھ کر ڈینگی کے خطرات سے بچا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور ہیلتھ اتھارٹی انسداد ڈینگی کے لئے جنگی اقدامات کررہی ہے تاہم شہریوں کے تعاون کے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے۔انہوں نے کہا کہ اینٹی ڈینگی ٹیمیں ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس پر ذمہ دارانہ انداز میں عمل پیرا ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف نے کہا کہ اینٹی ڈینگی ڈے منانے کا مقصد انسدادی وحفاظتی اقدامات کو مزید چوکس کرنا ہے۔انہوں نے محکمہ صحت کی ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ دفاتر، گھروں، گلی، محلوں، چھتوں اور لاروا کی افزائش کے مقامات کو باربار چیک کریں اور شہری بھی اینٹی ڈینگی ٹیموں سے تعاون کرکے ڈینگی لاروا کی افزائش کا خاتمہ کرانے میں بھر تعاون کریں۔
سیمینار سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قیصر عباس رند ، سی ای او ایجوکیشن علی احمد سیان نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب کے اختتام پر کارپوریشن سے آگاہی واک بھی کی گئی۔واک کے شرکاء نے ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیرپر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جو ڈینگی مچھر کے خلاف احتیاطی تدابیر بارے شعور اجاگر کررہے تھے۔
اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سلیمان زاہد،ڈسٹرکٹ پروگرام کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ذوالقرنین،ڈویژنل فاریسٹ آفیسر وجیہہ الدین، سی او ایم سی ایف زبیر حسین، انچارج کنٹرول روم محمد صادق،ماہر تعلیم محمد اختر بٹ کے علاوہ تمام ضلعی محکموں کے افسران، اساتذہ اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔











