لاہور، 22 جولائی ( اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)اور اتحادی جماعتیں چوہدری شجاعت کے فیصلے کوسراہتی ہیں، سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے پارٹی ڈائریکشن کے بغیر ووٹ نہیں مانا جائے گا اور ووٹ دینے والا نا اہل قرار دیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شب ماڈل ٹائون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور مسلم لیگ(ن)کے رہنما طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور اتحادی چوہدری شجاعت حسین کی جہوریت کیلئے دی جانے والی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وہ ایک تجربہ کار سیاست دان ہیں۔انہوں نے عمران خان کے تکبر انہ فیصلوں کو بھانپ لیا تھا اور انہوں نے اس فتنے اور فسادی ٹولے کو انجام تک پہنچانے کیلئے ہمارا ساتھ دیا۔
رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تھا کہ اپنی پارٹی کے خلاف ووٹ گنتی میں نہیں لایا جائے گا اور اس کا شکار 25 اراکین بنے اور 17جولائی کو پنجاب کے 20 حلقوں میں انتخابات کرائے گے جس کے بعد پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے اپنے پارٹی ہیڈ کی طرف سے اپنے اراکین کو یہ ہدایات دیں کہ آپ نے وزیر اعلیٰ کے امید وار کیلئے چوہدری پرویز الہی کو ووٹ دینا ہے ۔











