ملکہ کوہسار مری اورگلیات میں مون سون کی شدید بارشیں ، عوامی حلقوں کا نکاسی آب کے نظام  کی فوری بحالی کا مطالبہ

2

مری،28 جولائی (اے پی پی ):ملکہ کوہسار مری اورگلیات میں مون سون کی شدید بارشوں نے جل تھل کردیا۔ مال روڈ،لوئر بازار سمیت تمام علاقے ندی نالوں کامنظر پیش کررہے ہیں، طوفانی موسلا دھار بارش سے  برساتی نالے بپھر گئے ہیں ۔ نالوں،نالیوں پر تجاوزات اورنکاسی آب کی پلیاں بندہونے سے پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے جبکہ کئی علاقوں میں پانی گھروں اوردوکانوں میں داخل ہونے سے قیمتی سامان بھی تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔

تیز بارش کے  باعث کئی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کی بھی اطلات موصول ہورہی ہیں،مری ایکسپریس وے پر پانی آجانے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ نالیاں اور پلیاں بند ہونے سے شہر کی تمام شاہراہیں،بازار اورگلی محلے بھی برساتی نالے کا منظر پیش کررہے ہیں۔

عوامی حلقوں نے کمشنر،ڈپٹی کمشنر اورمحکمہ ہائی سے کے اعلیٰ حکام سے مری کے نکاسی آب کے نظام کوفوری بحال کرنے کامطالبہ کیا ہے۔