ملتان، 28 جولائی (اے پی پی):ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ کی زیرنگرانی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان اور خانیوال میں کارروائیاں کیں جس دوران ملتان میں میٹ شاپ مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی جبکہ خانیوال میں 3 واٹر پلانٹس کی اصلاح تک پروڈکشن بند کر دی گئی ہے۔
اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ گزشتہ ہدایات پر عمل نہ کرنے، سلاٹرنگ ایریا میں گندگی پائے جانے پر میٹ شاپ مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خوراک کی تیاری میں خراب انڈوں کے استمعال پر سنٹرل جیل کے قریب بیکری کو 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ خام اشیاء میں مردہ حشرات، صفائی نہ ہونے پر مکھانہ اینڈ ریوڑی پروڈکشن یونٹ کو 27 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ خانیوال میں پانی کا سیمپل فیل ہونے، ذرات پائے جانے پر 3 واٹر پلانٹس کی اصلاح تک پروڈکشن بند کردی گئی ہے ، کارروائیاں بستی ظہور آباد، چوک فاروق اعظم اور شادماں ٹاؤن خانیوال میں کی گئیں ہیں۔
شعیب خان جدون نے کہا کہ پانی انسانی خوراک کا اہم جزو ہے، فوڈ بزنس مالکان معیار کو بہتر بنائیں، خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی برداشت نہیں کی جائے گی۔











