پنجاب فوڈ اتھارٹی   کی ملتان اور خانیوال میں بڑی کارروائیاں،300 لٹر مینگو پلپ،80 کلو گلے سڑے پھل تلف

6

ملتان،5 جولائی (اے پی پی ): عوام تک محفوظ خوراک کی فراہمی کیلیے پنجاب فوڈ اتھارٹی دن رات کوشاں،ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز مبشر رحمان کی زیرنگرانی ملتان اور خانیوال میں بڑی کارروائیاں،ملتان میں 300 لٹر مضر صحت مینگو پلپ جبکہ خانیوال میں 80 کلو گلے سڑے اور خراب پھل تلف کر دئیے گئے ہیں ۔

ملتان میں گلے سڑے پھلوں سے تیار شدہ مینگو پلپ کے استعمال پر سبحان پور میں جوس فیکٹری کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا، انتہائی گندگی والی جگہ پر پھلوں اور پلپ کو سٹور کیا گیا تھا جہاں حشرات کی بھرمار، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے، سیوریج کا نظام بہتر نہ ہونے پر جرمانہ کیا گیا۔

  خانیوال میں جوس کی تیاری میں گلے سڑے پھل استعمال کرنے پر کبیروالا روڈ پر بیورجز پلانٹ کو 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا،بھاری مقدار میں گلے سڑے پھل تلف کردیے گئے۔

اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب جدون کا کہنا تھا کہ غیر معیاری خوراک کی تیاری کو ہر صورت ناکام بنائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ معیاری خوراک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔