چترال سے وادی کیلاش  جاتے پہلی  وادی، وادی آیون، کسی جنت کے ٹکڑے سے کم نہیں

14

چترال،09جولائی(اے پی پی):چترال سے وادی کیلاش  جاتے ہوئے جو پہلی  وادی  آتی ہے وہ وادی آیون ہے، یہ کیلاش کا گیٹ وے بھی کہلاتی ہے، وادی آیون بھی کسی جنت کے ٹکڑے سے کم نہیں ، سڑک کے کنارے مغرب کی طرف دریائے چترال کے کنارے یہ بستی  نہایت سرسبز و شاداب اور دریا گول دائرے میں بہتے ہوئے اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتی ہے۔ یہاں خواتین و حضرات کیلئے سرکاری انتظار گاہ بھی ہے جہاں لواری ٹاپ سے لائی گئی قدرتی برف کا شربت اور فالودہ بھی بکتا ہے۔

 وادی کیلاش جانے والے سیاح یہاں تھوڑی دیر کیلئے آرام کر کے برف کے مزے لیکر پھر  کیلاش روانہ ہوتے ہیں۔ یہاں ٹیکسی سٹینڈ بھی ہے جن سیاحوں کے پاس نازک قسم کی گاڑی ہوتی ہے جو پہاڑی  علاقوں میں دشوار گزار راستوں پر نہیں جاسکتی وہ اپنی گاڑیاں یہاں پارک کرکے کرائے پر جیپ یا دوسری گاڑی لیتے ہیں جسے مقامی ڈرائیور چلاتے ہیں اور مقامی ڈرائیوروں کا بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ ان راستوں پر عادی ہوتے ہیں۔