کامسٹیک میں انٹلیکچوئل پراپرٹی پر بین الاقوامی تربیتی کورس کی افتتاحی تقریب، ایرانی  سفیر سید محمد علی حسینی مہمان خصوصی

23

اسلام آباد،27جولائی (اے پی پی):پاکستان میں او آئی سی کی سٹینڈنگ کمیٹی کامسٹیک میں انٹلیکچوئل پراپرٹی پر دو روزہ بین الاقوامی تربیتی کورس بدھ کو شروع ہوگیا۔ اسلام آباد میں کامسٹیک سیکرٹریٹ میں ہونے والی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی تھے۔

کامسٹیک نے ایران میں بین الاسلامی نیٹ ورک آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارکس کے تعاون سے انٹلیکچوئل پراپرٹی پر تربیتی کورس کے افتتاحی اجلاس میں یمن، عراق اور سوڈان کے سفیروں نے ازبکستان، ملائیشیا اور ایران کے شرکاءکے ساتھ شرکت کی۔ 11 ممالک کے 230 سے زائد آن لائن شرکاءسمیت 300 سے زائد شرکاءاس اہم ایونٹ میں شرکت کر رہے ہیں۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کی۔

 انہوں نے کہا کہ کامسٹیک کا مقصد اسلامی ممالک کے دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعلقات کے فروغ میں سائنس و ٹیکنالوجی کی ترقی اور سائنسی صلاحیتوں کی تعمیر میں مدد کرنا ہے، اس سلسلے میں اہم اقدامات کیے گئے ہیں اور ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا ٹیلنٹ اور انسانی سرمائے سے بھری پڑی ہے جسے عالم اسلام کی ترقی کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ کامسٹیک کی سرگرمیوں کی حمایت کرتا رہا ہے اور عالم اسلام کی دانشورانہ املاک اور ورچوئل یونیورسٹیوں کے شعبوں میں کامسٹیک نیٹ ورکس کی میزبانی کرتا ہے۔