کوئٹہ؛کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور اور صوبائی مشیر داخلہ کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ، محرم الحرام کے لئے سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار

5

 کوئٹہ،9اگست(اے پی پی): کمانڈر 12کور لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور  اور صوبائی مشیر داخلہ نے  سنٹرل پولیس آفس میں قائم  کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا ،دسویں محرم الحرام کے لئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا،آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ ،ائی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)،  انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر حکام بھی اس موقع پر  موجود تھے۔

پولیس کے اعلیٰ حکام  نے  محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات اور تیاریوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی،بریفنگ  مین بتایا گیا صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے لئے پولیس کے 20 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں،ضرورت پڑنے پر پاک فوج  اور ایف سی  کی خدمات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں،صوبے کے حساس اضلاع میں سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی کئی ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے محرم الحرام کے جلوسوں کی براہ راست مانیٹرنگ کی جارہی ہے، جلوسوں کے روایتی راستوں اور مجالس کے مقامات کے آس پاس علاقوں میں واقع ہوٹلز وغیرہ پر کڑی نظر رکھی گئی ہے،صوبائی سطح پر مرکزی کنٹرول روم کے علاوہ ڈویڑنل اور اضلاع کی سطح پر بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں،دسویں محرم پر کوئٹہ میں 15 جلوس اور آٹھ مجالس منعقد ہونگے جن کی سکیورٹی کے لئے پولیس کے 5ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ،کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایمرجنسی پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔

کمانڈر 12 کور اور صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء نے محرم الحرام کے لئے سکیورٹی اور دیگر  انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی تعریف کی۔اس موقع پرمشیر داخلہ نے کہا کہ انتظامیہ ،پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے ایک صفحے  پر ہیں،تمام سیکورٹی اداروں کے درمیان اشتراک کار کاایک مربوط نظام قائم کیا گیا ہے۔