بہاولنگر؛ یوم آزادی پر  پرچم کشائی کی پروقار تقریب، پولیس اور ریسکیو1122کے دستوں نے سلامی پیش کی ،مارچ پاسٹ کیا

5

بہاولنگر، 14 اگست ( اے پی پی):بہاولنگر میں  یوم آزادی پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی 75 سالہ تقریبات قومی جوش و جذبہ اور پر عزم طریقے سے منانے کے حوالہ سے پرچم کشائی کی پروقار تقریب کا انعقاد بلدیہ بہاول نگر کے سبزہ زار میں کیا گیا ، جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ایس پی انوسٹی گیشن فاروق احمد انور  نے بطور مہمانان خصوصی شرکت کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر  ، اسسٹنٹ کمشنر ارشد ورک سمیت محکمہ پولیس، ریسکیو1122، صحت ، تعلیم، زراعت، سوشل ویلفیئر، اساتذہ کرام،طلباءاورسول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراداور دیگر ضلعی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

پروگرام کا آغاز کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا گیا ، صبح8:58پر سائرن بجائے گئے، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور قومی پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔ضلع کی بڑی شاہراہوں پر ایک منٹ کےلئے ٹریفک رک گئی۔تقریب میں پولیس اور ریسکیو1122کے دستوں نے ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی اور مارچ پاسٹ کیا۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ایس پی انوسٹی گیشن فاروق احمد انور  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر اسسٹنٹ کمشنر ارشد ورک نے  میونسپل کمیٹی کے سبزہ زار میں پودا بھی لگایا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پیغام دیا کہ ہم ملک وقوم کی ترقی اور سلامتی کی خاطر جانوں کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور خون کے آخری قطرے تک ملک وقوم کی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ہمارے ملک کے نوجوان حب الوطنی کے جذبے اور عزم کے ساتھ ملک وقوم کی خدمت کریں۔

ایس پی انوسٹی گیشن فاروق احمد انور  نے کہا کہ شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے آباﺅ اجداد نے بے مثال قربانیاں دیکر ہمارے لئے علیحدہ آزاد ایک ایسی ریاست دی ہے جس کی حفاظت کےلئے محکمہ پولیس ملک سے دہشتگردی کے خاتمہ کےلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ڈپٹی کمشنر  نے کہا کہ ہمیں مل کر پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانا ہے۔ تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے ملی نغمے پیش کیے اور آزادی پاکستان کے حوالہ سے ملی جوش وجذبہ سے تقرریں بھی کیں۔

تقریبات کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی ،تعمیرو ترقی، امن و امان اور استحکام کےلئے دعا بھی کروائی گئی۔ اسی طرح ضلع کی دیگر تحصیلوں میں بھی جشن یوم آزادی پاکستان کی75 سالہ تقریبات کا انعقاد کیاگیا جس میں اسسٹنٹ کمشنرز نے قومی پرچم کشائی کیں۔

 بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ایس پی انوسٹی گیشن فاروق احمد انور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبارگجر اسسٹنٹ کمشنر ارشد ورک نے  شہدا کی قبر وں پر  پھول چڑھائے اور فاتحہ کی۔ ڈسٹرکٹ جیل اور شیلٹر ہوم میں جشن آزادی کا کیک کاٹا اور مٹھائی تقسیم کی اور وائلڈ لائف پارک میں بھی پودے لگائے۔