گلگت،14 اگست (اے پی پی): وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے پوری قوم کو پاکستان کی 75 ویں جشن آزادی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جشن آزادی منانے سے آباؤاجداد کی دی ہوئی قربانیوں کی یاد تازہ ہوتی ہے، پاکستان حاصل کرنے میں برصغیر کے تمام مسلمانوں کی قربانیاں شامل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چنار باغ میں منعقد ہونے والی یوم آزادی پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پرچم کشائی کی گئی ،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور قائم مقام گورنر گلگت بلتستان نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلا 14 اگست کو شایان شان طریقے سے منائینگے، پاکستان اقوام عالم میں ممتاز ترین ملک ہوگا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو پابندی کے ساتھ نبھانا ہو گا۔
تقریب میں ممبران گلگت بلتستان اسمبلی،چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی،انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان سعید وزیر، سرکاری اور عسکری اداروں کے سربراہان،سول سوسائٹی کے لوگوں سمت مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی۔