جشن آزادی پر آرٹس کونسل میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا؛ ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل محمد سلیم قیصر

16

ملتان، 12 اگست (اے پی پی): ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل محمد سلیم قیصر نے قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے پر اے پی پی سے گفتگو میں اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ چودہ اگست، جشن آزادی ہماری پوری پاکستانی قوم ہمیشہ کی طرح پورے جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے، اس دن ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیوں سے وطن عزیز پاکستان حاصل کیا اور ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی پاکستانی قوم  پورے دل و جان کے ساتھ آزادی کی تقریبات منا رہی ہیں۔

ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل محمد سلیم قیصر  نے کہا کہ ملتان آرٹس کونسل نے بھی اس نسبت سے گیارہ اگست سے چودہ اگست تک مختلف پروگراموں کو ترتیب دیا ہے جن میں روشنی کا سفر، تصاویر نمائش اور اور اس کے علاوہ کیلی گرافی اور مصوری کا بھی مقابلہ ہوگا اور بچوں کے درمیان ملی نغموں کا مقابلہ بھی ہوگا جبکہ چودہ اگست کی شام کو آرٹس کونسل کے آڈیٹوریم میں ایک گرینڈ میوزیکل پروگرام کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں ہمارے ملتان کے نامور گلوکار اپنی پرفارمنس دیں گے اور اپنے گیتوں کے زریعے اپنے پیارے وطن کے ساتھ اپنی محبتوں کا اظہار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنے شہر کے لوگوں سے التماس ہے کہ وہ ان تقریبات میں تشریف لائیں۔