لاہور،16ااگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ آفس میں 17 جدید ترین گاڑیاں، آلات اور مشینری ڈی جی ریسکیو 1122 کے حوالے کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے گاڑیوں کے کاغذات اور چابیاں ڈی جی ریسکیو1122 ڈاکٹر رضوان نصیر کے حوالے کیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں کسی جگہ ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کو جدید گاڑیوں، آلات اور مشینری سے لیس کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آج ریسکیو1122 نے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے،پنجاب میں ریسکیو 1122 نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور کہا کہ میرے سابقہ دور میں لگایا گیا پودا آج تناور درخت بن چکا ہے۔ سیلاب،زلزلے یا کسی اور ناگہانی صورتحال میں ریسکیو 1122کا عملہ سب سے پہلے پہنچتا ہے۔ یہ گاڑیاں اور آلات پی ڈی ایم اے کی طرف سے ریسکیو 1122 کے حوالے کی گئیں ہیں۔ وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کو جدید ترین گاڑیوں، آلات اور مشینری کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ ان جدید گاڑیوں اور مشینوں میں 9 واٹر ریسکیو یونٹ، 2سکائی لفٹ وہیکلز، 6ارتھ کوئیک اینڈ ڈیزاسٹر سرچ ریسکیو وین، 36ہائیڈرالک کومبی ٹول، 36سیلیف کنٹینڈ بریتھنگ اپراٹس،36 ہائیڈرالک کنکریٹ چین سا، 6لائف لوکیٹر، 6پنمیٹنک لفٹنگ بیگ، 6چپنگ ہیمر، 6اکاسٹک لسننگ ڈیوائس،6 فائر آپٹیک کیمرہ ود کمیونیکیشن ڈیوائس شامل ہیں۔
چیف سیکرٹری کامران افضل،انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار،پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ پنجاب محمد خان بھٹی،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ڈی جی ریسکیو 1122ڈاکٹر رضوان نصیر،سیکرٹری اطلاعات،ڈی جی پی ڈی ایم اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











