لاہور،16 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیرہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ میں اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں مون سون شجرکاری پلان2022ء کا جائزہ لیا گیا اور نہر پر دستیاب جگہوں پر سبزیاں اگانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر عمر جہانگیر نے مون سون شجرکاری پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تمام پی ایچ ایز کے مابین شجرکاری کے حوالے سے مقابلہ کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، شجرکاری مہم میں بہترین کارکردگی دکھانے والی پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کو نقد انعام دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے دوران گراؤنڈزکی بونڈریز، گرین بیلٹس،ایل ڈی اے کی تمام ہاؤسنگ سکیموں اور پرائیویٹ رہائشی سوسائیٹوں میں پودا لگائے جائیں۔
صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ شہر کی تمام سڑکوں پر پانچ فٹ کے پودے لگائے جائیں، عوام کی شرکت کے بغیر شجرکاری مہم کے اہداف حاصل نہیں کیے جاسکتے، شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے عوام کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔
میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پودوں کے حصول اور ان کی دیکھ بھال کے بارے میں شہریوں کے لئے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے، شجرکاری مہم کے دوران شمالی لاہور پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس، اورنج لائن ٹرین کے روٹ، کینال اور رنگ روڈ پر بھی زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ شکیل احمد، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر عمر جہانگیر اور متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔











